برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کی ماحولیاتی ایجنسی (ای ای اے ) نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ یورپ میں 13 فیصد اموات آلودگی کے نتیجے میں ہوتی ہیں اور ماحولیاتی آلودگی یورپی آبادی پرہلاکت خیز اثرات مرتب کررہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غریب اور کمزور طبقات کے افراد اس سے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی ہی کے باعث یورپی یونین میں ہر سال 4 لاکھ افراد کی قبل از وقت موت ہوجاتی ہے۔ یورپی یونین کے ماحولیات کمشنر ورگینیؤس سینکاویچس کا کہنا ہے کہ ہمارے شہریوں کی صحت اور ماحولیات کی صورت حال میں ایک واضح ربط ہے۔ نئے کورونا وائرس کی وبا نے اس حقیقت کو واضح کردیا ہے کہ انسانی صحت اور ماحولیاتی نظام کی صحت کے حوالے سے یورپ کی آبادی کو خطرات سے دوچار ہونے کا کس قدراحتمال ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بچے اور بڑی عمر کے افراد سمیت کمزور افراد، ماحولیاتی آلودگی سے سب سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ عالمی ایجنسی کے کمشنر سینکاویچس کا کہنا تھا دنیا بھر میں ہر شخص کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ہم اپنے کرہ ارض کی حفاظت کرکے نہ صرف اپنے ماحولیاتی نظام کو بچاتے ہیں بلکہ زندگیوں کو بھی محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، بالخصوص ان لوگوں کی زندگیوں کو جن کے متاثر ہونے کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔
یورپ میں ہرآٹھویں شخص کی موت کا سبب آلودگی
القمر
