کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سلیم جعفر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر سلیکٹرز نے ابتدائی طور پر محدود کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں مدعو کیا تھا تاہم آج سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حکومتی فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے، لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی انڈر19 ون ڈے اور تھری ڈے ٹورنامنٹس کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب اب اوپن ٹرائلز کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے خواہشمند کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ برتھ سرٹیفکیٹ کی منظور شدہ کاپی اپنے ہمراہ ضرور لائیں، ٹرائلزکے دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائیگا جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں، واضح رہے کہ قومی انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ 13 اکتوبر جبکہ تھری ڈے ٹورنامنٹ 5 نومبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام قومی انڈر19 ون ڈے اور تھری ڈے کرکٹ ٹورنامنٹس کیلئے ناردرن انڈر19 ٹیم کی تشکیل کیلئے اوپن ٹرائلز کل سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صبح 8 بجے شروع ہوں گے۔
