واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ہونے والے ایک تازہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ نصف شہری کورونا وائرس سے بچانے والی ویکسین استعمال کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے رواں ماہ کیے گئے جائزے کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا کی ویکسین دستیاب ہونے کی صورت میں 49 فیصد امریکی ویکسین لینے پر تیار نہیں جب کہ 51 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین ضرور لیں گے۔ انکار کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں منفی اثرات سے متعلق خدشات ہیں۔ سروے کے مطابق 77 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ ملک میں تیار کی جانے والی ویکسین عجلت میں یہ بات یقینی بنائے بغیر ہی فراہم کی جا سکتی ہے کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہے بھی یا نہیں۔تحقیقی مرکز کے اس سروے میں 10 ہزار سے زیادہ امریکیوں کی رائے معلوم کی گئی تھی، جس میں سے 78 فیصد نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ویکسین جلد لانے کے دباؤ کی وجہ سے اس کے مؤثر ہونے کے بارے میں مکمل چھان بین کیے بغیر ہی منظوری دے دی جائے گی۔
نصف امریکی کورونا ویکسین کے مخالف نکلے‘ سروے
القمر
