English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسلام آباد بدل گیا

تحریر عمید اظہر

اسلام آباد کا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں ہورہا ہے۔ شہراقتدار دنیا کے 10 خوبصورت دارلحکومتوں کی فہرست میں جگہ بنا چکا ہے۔
اسلام آباد کے دنیا بھر میں چرچے اس کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اس کے اپنے سسٹم کی وجہ سے بھی ہیں۔
شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے سی ڈی اے کا ہر ادارہ اپنا اپنا کام احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔
اسلام آباد کی پولیس شہر کی امن و امان کی صورت حال بہترین بنانے میں اپنا کردار کررہی ہے وہیں شہر کی خوبصورتی میں کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔


ماضی میں بھی سی ڈی اے بہتر انداز سے نظام چلاتی آئی ہے لیکن موجودہ انتظامیہ مثالی کام کر کے تاریخ رقم کر رہی ہے۔
تحریک انصاف کی حکومت میں اگر کوئی ایک ادارہ بڑھ چڑھ کر اور محنت سے کام کر رہا ہے تو وہ سی ڈے اے ہے۔ اس کی بنیادی وجہ اہل افراد کو ان کے مقام پر بٹھانا ہے۔
شہر کے مختلف پارکس میں جہاں کچھ عرصہ قبل تاریکیوں کے ڈیرے تھے اور انسان جاتے ہوئے ڈرتے تھے وہاں شہری خوشی خوشی جاتے ہیں۔
سیکٹر ایف سیون کی گول مارکیٹ کے پارک کی لائٹس عموما ٹوٹی رہتی تھیں۔ پارکس میں رکھے بینچز پر اندھیرا ہوتا تھا۔ گزشتہ دنوں گول مارکیٹ جانا ہوا تو دل خوش ہوگیا کہ پارک روشنی سے جگمگا رہا ہے اور شہری فیملیز کے ساتھ بلا خوف و خطر بیٹھے اور واک کر رہے تھے۔

کہتے ہیں کسی چیز کو بنانا اتنا مشکل نہیں جتنا مشکل اس چیز کی حقیقی شکل و صورت میں برقرار رکھنا ہوتا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کو اس بات کی داد نہ دینا ناانصافی ہوگی کہ ان کی زیرقیادت نہ صرف اسلام آباد میں
ڈویلپمنٹ کا کام جاری ہے بلکہ پہلے سے موجود چیزوں کی انتہائی احسن انداز میں نگہداشت بھی کی جارہی ہے۔
مٹی اور کھاس میں دبے فٹ پاتھس کو اکھاڑ کر دوبارہ نئے سرے سے بچھایا جارہا ہے جس سے وہی پرانی اینٹیں دوبارہ استعمال ہورہی ہیں اور اس سے وزیراعظم کے بچت پروگرام کو بھی تقویت مل رہی ہے۔
اسی طرح انڈرپاسز کی دیکھ بھال، نالوں کی صفائی اور نکاسی کے نالوں میں پشتوں پر پتھر لگانے کا کام بھی بخوبی کیا گیا ہے۔ پشتوں پر پتھروں سے ناصرف نالے مضبوط ہوئے بلکہ اس سے ان کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ جہاں اتنا سب کچھ کر رہی ہے اسے نالوں میں سے درختوں اور جھاڑیوں کی صفائی بھی کرنی چاہیے تاکہ
نالے صاف ستھرے اور کھلے رہیں اور مون سون سیزن میں پانی کی نکاسی آسانی سے ہوسکے۔
سی ڈی اے کا ایک سب سے نمایاں کام جس سے اسلام آباد کا تقریبا ہرشہری مستفید ہو رہا ہے وہ ہر گلی محلے میں ٹریک بنانا ہے۔
سی ڈی اے نے ہر گرین بلیٹ، ناکارہ میدان اور خالی جگہ پر واک اور جوگنگ کرنے کے لیے ٹریکس بنا دیے ہیں۔
حتی کہ سائکلنگ کے لیے پکے ٹریک بنائے گئے ہیں۔ اب اسلام آباد کے شہریوں کو ورزش کے لیے کوئی خاص اہتمام کرنے کی ضرورت نہیں۔ صرف گھر سے قدم باہر نکالیں اور واک یا سائکلنگ ٹریک آپ کے سامنے ہے۔
سی ڈی اے کی طرف اتنے بڑے پیمانے پر کام کا کریڈیٹ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے بورڈ کے فنانس ممبر رانا شکیل اصغر اور ان کی میڈٰیا ٹیم کو بھی جاتا ہے۔

رانا شکیل ماہر معیشت ہیں اور سی ڈی اے کے معاشی امور میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ یقینی طور پر بڑے پیمانے پر
ترقیاتی کاموں کے لیے بڑا بجٹ بھی درکار ہوتا ہے۔ یہ سی ڈی اے کی محنتی ٹیم ہی ہے جس نے ترقیاتی کام بلا تعطل نہ صرف مکمل کیے بلکہ نئے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں کام کی رفتار اور بے مثال خوبصورتی کو دیکھ کر یہی کہا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد بدل گیا ہے۔ اسلام آباد کو بدلنے والا کوئی اور نہیں سی ڈی اے ہے۔
حکومت کے دیگر اداروں کو بھی سی ڈی اے کی مثالی کارکردگی کو رول ماڈل کے طور پر لینا چاہیے۔
اگر تمام ادارے اسی جاں فشانی اور لگن سے کام کرنا شروع ہوجائیں تو پاکستان جلد دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوجائے گا۔


وزیر اعظم عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ تمام اداروں اور وزارتوں میں اہل افراد کو بٹھائیں۔ ٹیم لیڈر کا کمال ہی یہ ہوتا ہے کہ وہ فیلڈنگ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے مطابق ہی لگایا کرتا ہے۔ بہتر فیلڈنگ کھڑی کرنے سے ہی معاشی بدحالی اور کرپشن کے مارے اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے