بہاولنگر سے سید سمیع الحق بخاری
ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے جال والا روڈ بہاولنگر میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار کے ہمراہ خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام کے موقع پر “ہر بشر دوشجر” کے تحت پودے لگائے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید عثمان منیر بخاری، محکمہ جنگلات ودیگر محکموں کے افسران و سٹاف، ریسکیو 1122 اور ٹائیگر فورس کے جوان، سکول اور مدارس کے طلبہ نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا اور بیک وقت جال والا روڈپر2.5 کلو میٹر کے فاصلے پر 800 سے زائد پودے لگائے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نےکہا کہ شجر کاری سے زمین کا کٹاؤ ختم ہوتا ہے،اجاڑ زمین پر ہرے بھرے جنگلات قائم کرنے سے بارش میں اضافہ اور گلوبل وارمنگ و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ جنگلات کی ترقی ہماری آب و ہوا اور معیشت کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور موجودہ حکومت معیشت اور قدرتی ماحول کی بہتری کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے جس میں عوامی سطح پر شرکت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے شجرکاری کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایکو سسٹم میں توازن اور ماحول کی بہتری کے لیے شجرکاری لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پودوں کی آبیاری،نگہداشت اور حفاظت بہت ضروری ہے تاکہ یہ پروان چڑھ کر تناآور درخت بنیں۔بعد ازاں ملک کی ترقی و خوشحالی اور شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
