جماعت اسلامی علاقہ سمن آباد ضلع گلبرگ وسطی کے تحت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف مسجد قباء گلبرگ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں حکومت سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل عام ہے،کرونا لاک ڈاؤن اور ہوشربا مہنگائی کے شکار عوام کے لئے پیٹرول بم کا تحفہ حکومتی نا اہلی اور بےحسی کا ثبوت ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے تابع ہوچکی ہے اور حکومت میں موجود آئی ایم ایف کے ایجنٹ ایسی پالیسیاں بنا رہے ہیں جن سے عوام مزید بدحال اور ملک مزید قرضوں تلے دب جائے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی یوسی 27 کے ذمہ دار فیصل شیخ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، اشیاء خرد و نوش کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہورہی ہیں،گوشت دالیں حتی کہ دوائیوں کی قمیتوں میں بھی آئے روز اضافہ کیا جارہا ہے, حکومت اپنے وزیروں اور مشیروں کو نوازنے کے لئے بجلی،گیس اور پیٹرول کی قمیتوں میں اضافہ کرتی جارہی ہے، روپے کی قدر کم اورامریکی ڈالر ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خصوصاً وزیر اعظم پاکستان پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کے احکامات جاری کریں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار کو کم سے کم کرکے عوام کو جینے کا حق دیں ورنہ یہ ظلم کی چکی میں پسنے والے عوام حکمرانوں کے محلوں کا گھیراؤ کرکے اپنا حق لینا بخوبی جانتے ہیں۔
پیڑول کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج
القمر
