جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہفتہ 25 ستمبر کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی
کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر احتجاج کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال
کی اپیل کردی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا
ہے کشمیری عوام کل نیویارک میں نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے خلاف اپنا احتجاج
ریکارڈ کرانے کیلئے مکمل ہڑتال کر یں گے۔
کشمیری عوام مکمل ہڑتال کے ذریعے دنیا کو یہ واضح پیغام دیں گے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے
غیر قانونی اور ناجائز تسلط کو قبول نہیں کرتے اور وہ اس سے مکمل آزادی چاہتے ہیں ۔
اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق،حق خود ارادیت کے استعمال کا مکمل اختیار دیا
ہے۔حریت ترجمان نے کہا ہڑتال کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا بھی ہے کہ گزشتہ دو سال سے زائد
عرصے سے بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک فوجی چھاونی میں تبدیل کررکھا ہے اور مقبوضہ علاقے میں
بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مسلسل نہتے کشمیریوں کا قتل عام اور کالے قوانین
کے تحت ان کی غیر قانونی نظربندی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔
