رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی مسائل، خاص طور پر افغانستان کی تازہ ترین صورتحال، مختلف شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ عسکری معاملات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاک سعودی تعاون سے خطے کی امن و سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مہمان خصوصی نے پاکستان کی مسلح افواج کی خطے میں امن لانے میں مخلصانہ کوششوں بالخصوص افغان امن عمل کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھرپور انداز میں اعتراف بھی کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہیں۔
رائل سعودی نیول فورسز کمانڈر کی جنرل ندیم رضا سے ملاقات
القمر
