وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جب تک امن قائم نہیں ہوگا ہم
ترقی کی جانب نہیں بڑھ سکتے ہیں اور امن کے بغیرپائیدار ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات
کراچی میں سیسٹن ایبل سوشل ڈولپمنٹ آرگنائیزیشن (ایس ایس ڈی او)کی جانب سے پاکستان میں امن
اور پائیدار ترقی کے سلسلے میں پارلیمنٹ کا کردار اور استحکام کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس
کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعلیٰ نے کہا یہ بہت اہم کانفرنس ہے اور ایک اہم موضوع پر ہو رہی ہے۔ اگر ہم اپنی تاریخ کو
دیکھتے ہیں اور ہمارے ملک میں انتہاپسندی کا آغاز 80 کی دہائی میں ہوا جب ملک میں مارشل لا
لگا اور جمہوریت کو سبوتاژ کیا گیا۔
جب نائن الیون کا واقعہ ہوا اور جو حالات پیدا ہوئے وہ ہم سب کے سامنے ہیں اور اسی انتہاپسندی کی
وجہ سے ہم نے 2007 میں اس ملک کی سب سے بڑی امید شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو کھویا۔
شہید بینظیر بھٹو نے راولپنڈی میں اپنی آخری تقریر میں امن کے قیام اور خاص کر سوات میں امن
قائم کرنے کی بات کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے کہا جب ہماری حکومت آئی تو ہمارا واحد مقصد ملک میں امن لانا تھا۔ ہم نے سوات میں
آپریشن شروع کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے شہادت پائی اور ہم نے بڑی
جدوجہد اور قربانیوں کے بعد ملک باالخصوص کراچی میں امن و امان کو بحال کیا۔
پشاور میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد تمام جماعتیں ایک ہوگئیں سب ساتھ بیٹھے. انتہاپسندی اور
دہشت گردی کے خلاف ملکر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا. ایک نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا.
صوبوں پر واضح کیا گیا کہ انہوں نے کیا کرنا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا امن کے بغیر پائیدار ترقی
ممکن نہیں. اسمبلیوں کا کام قوانین بنانا ہے مگر قومی اسمبلی میرے خیال میں قوانین نہیں بنا رہی ہے
اور یہ پارلیمنٹ کا صحیح استعمال نہیں ہم خود یہ نہیں کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں چاروں صوبوں کے پارلیمنٹیرین موجود ہیں. ہمیں اس بارے میں سوچنا ہوگا کیونکہ قانون
سازی کے حوالے سے اسمبلی ہی واحد ادارہ ہے مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہماری پارلیمنٹ
کے قوانین اڑا دیئے جاتے ہیں ابھی حال ہی میں اپریل میں ہمارےصوبے میں سندھ پبلک سروس کمیشن کا
قانون ختم کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سن 1989 میں بنایا گیا قانون ختم کر ریا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ ایس ایس ڈی او کے اراکین
کو تھر کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جب چاہے تھر کا دؤرہ کرسکتے ہیں۔
تھر میں موجود کوئلے کے ذخائر سے سندھ حکومت بھرپور طریقے سے استعفادہ کر رہی ہے۔
کانفرنس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، رکن قومی اسمبلی احسن اقبال و دیگر نے بھی
خطاب کیا۔ آخر میں ایس ایس ڈی او کی پانچویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
