نواب شاہ سے اسد بخاری
نواب شاہ میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور نے کہا ہے کہ والدین اپنے 09 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ و ربیلا سے بچاؤ کی 15 نومبر بروز پیر سے شروع ہونے والی ویکسی نیشن مہم کے دوران ضرور ویکسین کرواکر خطرناک بیماریوں سے بچاؤ میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربارہال میں ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکشن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ خسرہ سمیت دیگر خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو موثر انداز میں محکمہ صحت کے افسران اپنا بھرپور کردار ادا کریں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خسرہ و ربیلا کے خلاف مہم میں ایک سو فیصد حدف حاصل کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران عارضی طور پر قائم کی گئی ٹیکوں کے مراکز ، اسکول اور صحت مراکز میں قائم کردہ کیمپوں کا دورہ کرکے مہم کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈاکٹر اللہ بخش راجپر نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں خسرہ روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ ویکسی نیشن مہم 15 سے 27 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے مہم کے دوران ضلع کے 9 ماہ سے 15سال عمر تک کے 6 لاکھ 89 ہزار 188 بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی جبکہ 3 لاکھ 416 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے انہوں نے مزید بتایا کہ ویکسی نیشن مہم کے دوران مقرر کردہ ٹیمیں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں جاکر بچوں کی ویکسی نیشن کریں گی جبکہ ضلع کے تمام صحت مراکز سمیت مختلف علاقوں میں کیمپس قائم کرکے بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی اس مقصد کے لئے مائکرو پلان کی تیاری ، ٹیموں کی تربیت سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اجلاس میں گذشتہ انسداد پولیو مہم کے حاصل کردہ احداف ، حفاظتی ٹیکوں کی ماہانہ رپورٹ کے ساتھ ساتھ اے ایف پی سرویلنس رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے گذشتہ پولیو مہم کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مظہر علی ویسر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھوڑ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض احمد شر،ڈاکٹر امینہ بروہی سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میڈیکل افسران نے شرکت کی۔
