واشنگٹن کی ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی نے کرسمس چھٹیوں سے قبل کمپنی کے ۹ سو افراد کو فوری ملازمت سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کردیے
تفصیلات کے مطابق بیٹر ڈاٹ کام نامی کمپنی کے سی ای او وشال جارج نے زوم میٹنگ بلائی اور اسی میٹنگ کے دوران ایک دو نہیں بلکہ 900 افراد کو نوکری سے نکال دیا ۔
وشال جارج نے زوم میٹنگ کے دوران کہا کہ “اگرآپ اس میٹنگ میں شامل ہیں اور مجھے سن رہے ہیں تو آپ کا تعلق اس بدقسمت گروہ سے ہے جنہیں نوکری سے برخواست کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملازمت کا خاتمہ فوری طور پر لاگو ہورہا ہے۔
کمپنی کے سی ایف او کیون ریان نے کہا کہ سال کے اس اہم موقع پر نوکری سے نکالنا تکلیف دہ فیصلہ تھا۔ کیوِن نے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں بہت تبدیلیاں ہوئی ہیں ۔ تاہم وشال نے بتایا کہ لوگوں کو فارغ کرنے کے پیچھے انکی کارکردگی، معیار اور پیداوار کے مسائل بھی تھے۔
تاہم فوربس اور دیگر تجزیاتی اداروں نے کہا ہے کہ وشال پہلے بھی اپنے ملازمین کو سخت ای میل کرتے رہے ہیں جن میں انہوں نے ملازمین کو سست ڈولفن قرار دیا تھا۔ایک اور ویب سائٹ کے مطابق وشال اقربا پروری بھی کرتے رہے ہیں۔ تاہم زوم میٹنگ میں 900 افراد موجود تھے جو اب بیٹر ڈاٹ کام کا حصہ نہیں رہے۔ اس طرح کمپنی کے 15 فیصد ملازمین کو کرسمس سے پہلے ہی سبکدوش کردیا گیا ہے۔بیٹر ڈاٹ کام ویب سائٹ مورگیج اور مکانات بنانے کے مالیاتی امور میں مددگار کمپنی ہے۔

