نئی دہلی/ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں 16 نومبر تک شمالی ہریانہ کے اپر ایئر سائیکلونک سرکولیشن موجود ہونے کے باوجود موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ وہیں اس ہفتے کے آخر میں مغربی ہمالیائی خطے کے بعض حصوں میں شدید بارش اور آندھی طوفان آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔آئی ایم ڈی کے صبح کے بلیٹن کے مطابق، 10 نومبر سے 16 نومبر تک 7 دنوں کے دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ شمالی ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سطح سمندر سے 1.5 سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر ایک بالائی فضائی چکرواتی گردش قائم ہے۔
آئی ایم ڈی نے کہا، شمالی ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سطح سمندر سے 1.5 سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر بالائی فضائی چکرواتی گردش اب بھی موجود ہے۔شمالی ہریانہ میں موجود اس چکرواتی گردش سے مغربی اترپردیش کی جانب 3.1 کلومیٹر کی بلندی پر ہوا کے کم دباؤ کا ایک علاقہ بھی دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وسطی راجستھان اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سطح سمندر سے تقریباً 0.9 کلومیٹر کی بلندی پر ایک اور بالائی فضائی چکرواتی گردش قائم ہے۔
بلیٹن میں درمیانی اور بالائی کرہ ہوائی (ٹروپوسفیئر) میں مغربی ہواؤں کے درمیان ایک مغربی ہوائی دباؤ کو بھی ہوا کے کم دباؤ والے علاقے کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔آئی ایم ڈی نے ان فضائی نظاموں کے باوجود ان 7 دنوں کے دوران ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی ہے اور نہ ہی شدید بارش یا آندھی طوفان کا کوئی انتباہ جاری کیا ہے۔
تاہم، پڑوسی ریاست پنجاب میں 12 سے 15 نومبر کے درمیان بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی 7 روزہ تفصیلی پیش گوئی کے مطابق، 16 نومبر کو بھی کچھ مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ہماچل پردیش میں 10 سے 15 نومبر کے درمیان بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے اور 16 نومبر کو بھی کچھ مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ہماچل پردیش کے بعض علاقوں میں 12 اور 13 نومبر کو آندھی طوفان کے ساتھ بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ان ہواؤں کی رفتار کبھی کبھی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
آئی ایم ڈی نے جموں و کشمیر اور لداخ کے علاقوں میں موسم مزید سرگرم ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جہاں 12 اور 13 نومبر کو وسیع علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ان 2 دنوں کے دوران بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ 12 اور 13 نومبر کے علاوہ 15 اور 16 نومبر کو بھی بعض علاقوں میں آندھی طوفان کے ساتھ بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ اتراکھنڈ میں 12 اور 13 نومبر کو بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر حصوں کی بات کریں تو آئی ایم ڈی نے 10 سے 14 نومبر کے درمیان انڈمان اور نکوبار جزائر میں اور 11 نومبر کو ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
تمل ناڈو، پڈوچیری اور کاری کال میں 10، 15 اور 16 نومبر کو بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے سبب کھڑی فصلوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، زمین کھسکنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، سڑکوں پر پانی جمع ہو سکتا ہے اور سڑک و ریل ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔شدید بارش اور آندھی طوفان کے انتباہ والے علاقوں کے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں، بجلی کڑکنے کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments