بہار کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی آن لائن حاضری کے نظام میں اب تبدیلی کی جائے گی۔ تصویر کے ذریعے حاضری درج کرنے میں بے ضابطگیوں کی مسلسل شکایت کے بعد اب چہرے کی شناخت (فیس ریکگنیشن) اور آنکھ کی پتلی (آئرس) اسکین کرنے کی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت اساتذہ کے چہرے اور آنکھوں کی شناخت کا پہلے سے رجسٹرڈ ڈیٹا سے ملاپ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی جی پی ایس کے ذریعے استاد کے مقام کی بھی تصدیق کی جائے گی۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اساتذہ اسکول کے احاطے میں ہی موجود رہیں۔
نئے نظام میں صرف استاذ کی شناخت ہی نہیں، بلکہ ان کے مقام کی بھی تصدیق کی جائے گی۔ موبائل جی پی ایس کے ذریعے پتہ لگایا جائے گا کہ استاذ اسکول میں موجود ہیں یا نہیں۔ اساتذہ کو اپنے موبائل میں محکمۂ تعلیم کی حاضری ایپ کھولنی ہوگی۔ اس کے بعد ای-کے وائی سی کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔ حاضری درج کرنے کے لیے ایپ میں ’کیپچر اٹینڈنس‘ کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔ اس دوران موبائل کا فرنٹ کیمرا فعال رہے گا اور استاد کو کیمرے کے سامنے اپنا چہرہ دکھانا ہوگا۔ فیس ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے چہرے کا پہلے سے رجسٹرڈ ڈاٹا سے ملاپ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی آئرس اسکین کے ذریعے آنکھوں کی بھی تصدیق ہوگی۔
سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی آن لائن حاضری درج کرنے کے پورے عمل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد لینے کی تجویز ہے۔ اس کے ذریعے اساتذہ کے چہرے اور آنکھوں سے متعلق اعداد و شمار کا رجسٹرڈ ڈاٹا سے ملاپ کیا جائے گا۔ تصدیق کے دوران چہرہ صاف نظر آنا ضروری ہوگا۔ اس کے لیے چشمہ اور ماسک ہٹانے جیسی شرائط بھی رکھی جا سکتی ہیں۔ مجوزہ نظام کے تحت اساتذہ کو اسکول آنے اور جانے، دونوں وقت حاضری درج کرنی ہوگی۔ اس کے لیے ان اور آؤٹ کا انتظام کیا جائے گا۔ دونوں وقت چہرے کی شناخت اور آنکھ کی پتلی کی بنیاد پر تصدیق کی جا سکتی ہے۔ اس سے اساتذہ کے اسکول پہنچنے اور وہاں سے روانہ ہونے کا وقت بھی درج ہوگا۔ محکمے کا مقصد تصویر پر مبنی حاضری میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو روکنا اور سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حقیقی موجودگی کو یقینی بنانا ہے۔