مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ سندھ کے شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے اس حوالے سے قانون سازی کی ہے ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ سندھ کی تمام جماعتیں اس کیخلاف ہیں کیونکہ اس کا تمام تر فائدہ پیپلزپارٹی کو ہوگا۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہاکہ جس طرح دیگر قومیتوں کی ملک میں شراکت ہے اور ان کا اپنا ایک صوبہ ہے اسی طرح ہم بھی اپنا ایک صوبہ چاہتے ہیں ، مہاجر قوم کے مسائل کوئی سننے کو تیا رنہیں۔ اس اسمبلی سے جہاں وزیراعلیٰ خود کہہ رہے ہوں کہ ہم اقلیت میں ہیں تو پھر ہمارے پاس اپنے صوبے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا، انہوں نے کہاکہ 21جنوری کو حیدرآبا دمیں ایم کیوایم پاکستان بھرپور جلسہ کرے گی ، یہ اجتماع مہاجر قوم کیخلاف زبان کی بنیاد پر جو رویہ اختیار کیا جارہا ہے اس کیخلاف احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کوٹہ سسٹم کی بنیاد پر تعلیمی اداروں میں ہمارے نوجوانوں کے ساتھ ظلم کی انتہا کی گئی ہے۔ اچھے نمبر حاصل کرنے کے باجود ہمارے نوجوانوں کو داخلے نہیں دیئے جاتے۔ یہ تمام صورتحال پر مہاجر قوم متحد ہوکر احتجاج کرے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کا جو حال ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں، گٹر ابل رہے ہیں، شہر میں ٹرانسفارمر پھٹ جائے تو اس سے نہ صرف جانی نقصان ہوتا ہے بلکہ ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کیلئے بھی علاقے کے لوگوں سے پیسے لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نعروں اور مطالبات سے کسی پر فرق نہیں پڑرہا ہے جب تک ہم اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کریں گے کچھ نہیں ہوگا۔ تمام قوموں کو اپنے اختیارات مل رہے ہیں تو پھر مہاجر قوم کو کیوں نہیں دیئے جارہے۔
مہاجر قومی موومنٹ نے بھی لوکل گورنمنٹ ایکٹ مسترد کردیا
القمر
