English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب میں پولیو ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل

القمر

پنجاب پولیو پروگرام نے جنوری 24 سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں سپروائزرز ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔ اس مرحلے میں 6 ہزار سے زائد پولیو سپروائزرز کی تربیت کی گئی ہے۔
سپروائزرز اور ورکروں کو تربیت دینے کے لئیے 240 سے زائد سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔ یہ سیشنز ہسپتال، اسکول اور کالجز میں منعقد کیے گئے۔ ورکروں کی تربیت کو بہتر بنانے کے لئے ان سیشنز میں سٹال طریقہ کار کا استعمال کیا گیا ہے۔
سپروائزرز کو کورونا سے بچاو اور وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے طریقہ کار پر خصوصی ریفریشر دیا گیا۔
اس کے علاوہ ٹریننگ کے دوران پولیو کی قومی اور بین الاقوامی صورت حال پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔
پولیو ٹریننگ کے دوسرے مرحلے کا ٓغاز بھی کر دیا گیا ہے جو ایک ہفتے جاری رہے گا۔ اس مرحلے میں پولیو ٹیموں کی تربیت کی جائیگی۔
اس مرحلے میں 54 ہزار سے زائد پولیو ٹیموں اور ورکروں کی تربیت کی جائیگی۔
ہینڈ آوٹ کے مطابق پنجاب کے نو ضلعوں میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جن میں لاہور، راولپینڈی، فیصل آباد، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور میانوالی شامل ہیں۔ میانوالی میں انسدا پولیو مہم مخصوص یونین کونسلوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں بات کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈی نیٹر محترمہ سندس ارشاد نے کہا کہ حکومتِ پاکستان پولیو ورکرز کی محنتی ٹیموں کے ساتھ مل کر مثبت نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور پنجاب میں رواں سال کے دوران پولیو کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی نمونے پاکستان اور خاص طور پر پنجاب میں پولیو کے بہت جلد خاتمے کی نوید سنا رہے ہیں۔ گذشتہ سات ماہ کے دوران پنجاب سے حاصل ہونے والے تمام ماحولیاتی نمونے منفی ہیں۔
موجودہ صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ای او سی کوآرڈی نیٹر نے کہا کہ وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے ہمیں آئندہ مہمات کے دوران شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا تاکہ کوئی ایک بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ کوریج کی اس بلند ترین سطح کے حصول کے لئے والدین کے لئے یہ سمجھنا بے حد ضروری ہے کہ ویکسین مفید اور محفوظ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے