English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

الیکشن کمیشن نےپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دی

القمر

صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمیشن کے27دسمبر 2021 کو جاری کردہ شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیوں کی طرف سے صوبہ پنجاب کے تمام 36اضلاع میں حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں 10فروری 2022کو الیکشن کمیشن کے تمام ضلعی دفاتر میں عوام الناس کے معائنہ کیلئے آویزاں کر دی گئی ہیں۔ حلقہ بندیوں کی اس ابتدائی فہرست میں صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں تشکیل دی گئی نیبرہوڈ کونسلز اور ویلج کونسلز کی حد بندی کے حوالے سے تفصیلات موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست میں صوبہ پنجاب کے 36اضلاع میں 2544نیبر ہوڈ کونسلز اور 3128ویلج کونسلز تشکیل دی گئی ہیں۔حلقہ بندی کمیٹیوں نے الیکشن ایکٹ 2017اور پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کے تحت حلقہ بندی کے عمل کو سر انجام دیا ہے۔ حلقہ بندیوں کے شیڈول کے مطابق 11فروری 2022سے 25فروری2022تک متعلقہ ووٹرز، الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ حلقہ بندی اتھارٹی کے پاس حلقہ بندی کے حوالے سے اعتراضات دائر کر سکیں گے۔ جبکہ حلقہ بندی اتھارٹیز 11فروری سے 12مارچ 2022 تک ان اعتراضات کی شنوائی کریں گی اور فیصلے صادر کریں گی۔الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں موجود ریجنل الیکشن کمشنرز کو حلقہ بندی اتھارٹیز کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ ضلع لاہور کیلئے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں موجود ڈائیریکٹر لیگل کو حلقہ بندی اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اضلاع کے ووٹرز جو اعتراضات دائر کرنے کے خواہاں ہوں وہ متعلقہ دفتر ریجنل الیکشن کمشنر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ جبکہ ضلع لاہور کے ووٹرز دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں ڈائیریکٹر لیگل کے پاس حلقہ بندیوں کے حوالے سے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں۔شیڈول کے مطابق حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 22مارچ 2022کو جاری کر دی جائیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے