English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز میں مریضوں کا مفت علاج

القمر

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اعلان کیا ہے کہ اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز میں میں امراض سینہ کے تمام مریضوں کو سی ٹی اسکین اور الٹرا ساؤنڈ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی جبکہ وارڈ میں دیگر طبی سہولتیں بھی بہتر بنائی گئی ہیں جنہیں مزید بہتر کیا جا رہا ہے، یہ باتیں انہوں نے اوجھا انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز میں وارڈ کی تزئین نو (رینوویشن) سی ٹی اسکین مشین اور الٹراساؤنڈ کی سہولتوں کے رسمی افتتاح کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہیں، اس موقع پر پرو وائس چانسلرز پروفیسر زرناز واحد، پروفیسر کردار دوانی، پروفیسر نصرت شاہ، او آئی سی ڈی کے ڈائریکٹر پروفیسر فیصل فیاض زبیری، ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد اعظم, ڈاؤ انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیالوجی کی ڈائریکٹر نسرین ناز، ڈاکٹر نیاز سومرو، ڈاکٹر سیف اللہ بیگ ودیگر بھی موجود تھے۔ پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ اوجھا انسٹیٹیوٹ طویل عرصے سے امراض سینہ کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ ٹی بی کے مریضوں کے تمام ایکسرے اور لیبارٹری ٹیسٹ بھی مفت کیے جاتے ہیں جبکہ تمام امراض سینہ کے داخل مریضوں کو دوائیں اور تمام سہولت مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف ریڈیالوجی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نسرین ناز نے کہا کہ امراض سینہ کے داخل مریضوں میں کسی پچیدگی کے متعلق جاننے کے لیے سی ٹی اسکین کی ضرورت تھی ۔ اس لیے یہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے نہ صرف داخل مریضوں کا سی ٹی سکین مفت ہوگا بلکہ او پی ڈی میں جن مریضوں کے متعلق ٹی بی کا شبہ ہوگا اس کا بھی مفت اسکین کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر او آئی سی ڈی فیصل فیاض زبیری نے کہا کہ داخل مریضوں کے لئے وارڈ کی سہولیات کو بہتر کر دیا گیا ہے اور او آی سی ڈی میں مریضوں کے لیے سہولت میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے جس سے او پی ڈی میں آنے والے سینکڑوں مریضوں کو فائدہ ہو گا ۔قبل ازیں پروفیسر محمد سعید قریشی نے وارڈ کی تزئین نو اور سی ٹی اسکین کی سہولت کاتختی کی نقاب کشائی اور ربن کاٹ کر رسمی افتتاح کیا جبکہ یاسمین ٹرسٹ کی سربراہ یاسمین سمیع نے الٹرا ساؤنڈ کی سہولت کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے