محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسم کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ (رات) سےملک میں داخل ہو گا جوکہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی/تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش و برفباری/ژالہ باری متوقع ہے. جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بر وقت اور پیشگی اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایات تا کہ موسم کی وجہ سے راستے بلاک ہونے کی صورت میں بر وقت اقدامات کیئے جا سکیں. متعلقہ اداروں کو مسافروں اور سیاحوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
