English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صحافت کا گلہ گھونپنے کا عالمی ادارے نوٹس لیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

القمر

وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ‏عالمی اداروں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے صحافت کا گلہ گھونٹنے اور قدغن لگانے کے اقدامات کا نوٹس لینا چاہے۔ بھارتی قابض فوج نے سرینگر میں پریس کلب کی عمارت کو تالے لگا کر عملا آزاد صحافت اور صحافیوں کو ختم کرنے کا ایک مکروہ منصوبہ شروع کر دیا ہے اور اسی سلسلے میں قابض فوج نے گزشتہ روز ایک صحافی رئیس بٹ کو جعلی مقابلے میں شہید کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 1990 سے اب تک بھارتی قابض فوج نے معروف صحافی روزنامہ الصفاء کے ایڈیٹر شعبان وکیل اور رائزنگ کشمیر و روزنامہ بلند کشمیر کے ایڈیٹر ڈاکٹر شجاعت بخاری کے علاوہ کئی دیگر صحافیوں کو شہید کیا جبکہ آصف سلطان کی طرح متعدد کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کو بیرون ممالک پیشہ ورانہ امور انجام دینے کے ساتھ ساتھ کانفرنسز میں شرکت کرنے سے بھی مسلسل روک رہا ہے۔ بیشتر صحافیوں کو سفری دستاویزات اور پاسپورٹ جاری نہیں کئے جا رہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے دارالحکومت کے سینئر صحافیوں طارق نقاش اور محمد اسلم میر کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں تحریک آزادی جموں و کشمیر، گڈ گورننس اور آزادنہ صحافت کا فروغ یے۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کی طرف سے گزشتہ 32 سال کے دوران مقبوضہ ریاست میں ڈھائے گے بھارتی مظالم کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ کس طرح زیرحراست اور فرضی جھڑپوں میں ہزاروں پڑھے لکھے نہتے کشمیری جوانوں کو شہید کیا جارہاہے۔ وزیراعظم نے کہا برہان وانی کی شہادت پر خصوصی مضمون تحریر کرنے پر گزشتہ تین سال سے ایک عامل صحافی آصف سلطان کو ماورائے عدالت ٹارچر سیل میں رکھا گیا ہے ۔وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی صحافتی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں صحافت پر آئے روز پابندیوں ، صحافیوں کی گرفتاریوں اورشہادتوں پر بھارت پر دباو ڈالے اور آصف سلطان سمیت دیگر صحافیوں کی رہائی کے لئے کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے گزشتہ روز صحافی رئیس احمد بٹ کو فرضی جھڑپ میں شہید کیا۔ عالمی ادارے صحافی رئیس بٹ کی شہادت کا نوٹس لیں۔ وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحافت آزاد ہے اور حکومت ہر طرح سے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرئے گی۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ صحافت قائم ہو چکا ہے اور نوجوان بچے اور بچیاں اب اس شعبہ میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا مظفرآباد کے صحافیوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے دیگر نو اضلاع کے صحافیوں کے مسائل کو بھی حکومت حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بیانیہ عوام نے تسلیم کر لیا اور دکھا دیا کہ قوم غیرت مند لیڈر کے ساتھ ہے،وزیراعظم عمران خان نے ملک و قوم کے وقار کو بلند کر کے سب کے دل جیت لیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے