English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈپٹی اسپیکر پر حملہ، تھپڑ مارے، بال نوچے ،لوٹے مارے گئے

القمر

پنجاب میں وزیرِاعلیٰ کون ہو گا؟ پرویز الہٰی یا حمزہ شہباز، اس بات کا فیصلہ آج ہونے جا رہا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی ہوئی، تحریکِ انصاف کی خواتین ارکان لوٹے لے کر ایوان میں پہنچ گئیں۔
ارکان ایوان میں لوٹے لہرانے اور اچھالنے لگے، اسمبلی ہال کے اندر لوٹے لوٹے کے نعرے بھی لگنے لگے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل پی ٹی آئی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر کا گھیراؤ کر لیا۔
پی ٹی آئی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری پر حملہ کر دیا، ان کو لوٹے اور تھپڑ مارے، ان کے بال نوچے۔
اس صورتِ حال کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری سیکیورٹی کے ساتھ واپس اپنے دفتر چلے گئے۔
پی ٹی آئی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر کے ڈائس پر لوٹے رکھ دیے۔
پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے ایوان میں سیٹیاں بجائی گئیں، ایوان میں ایک دوسرے پر فقرے کسے گئے، ڈائس کے سامنے ارکان نے نعرے بھی لگائے۔
پی ٹی آئی ارکان نے نعرے لگائے کہ ’’ہمارے لوٹے واپس کرو‘‘۔
پی ٹی آئی اراکین کا مؤقف تھا کہ لوٹوں کو ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیں گے، بلے پر جیت کر شیر کو ووٹ کیسے دے سکتے ہیں۔
ہنگامہ آرائی کے بعد صورتِ حال کو قابو میں کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی بلڈنگ میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار داخل ہو گئے۔
آئی جی پنجاب بھی پنجاب اسمبلی پہنچے، اس موقع پر ان کے ہمراہ خصوصی کمانڈوز بھی تھے۔
پولیس اہلکاروں کو بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر طلب کیا گیا تھا، پولیس اہلکاروں کے اسمبلی میں داخلے پر بھی پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج کیا۔
اسپیکر کے احتجاج پر پولیس کو اسمبلی کی لابی سے باہر نکال دیا گیا جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے والے پولیس اہلکار باہر نکل آئے۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے لیے ارکان کو ایوان میں بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائی گئیں، اجلاس ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونا تھا۔
حکومتی امیدوار پرویز الہٰی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز بھی اسمبلی میں موجود ہیں۔
اپوزیشن بنچوں پر اس وقت 100 سے زائد ارکان موجود ہیں۔
سیکریٹری اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کو خط لکھ دیا جس میں کہا ہے کہ مہمانوں کو اسپیکر گیلری میں آنے کی اجازت نہ دی جائے، کوئی بھی شخص چھلانگ لگا کر ایوان میں داخل ہو سکتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی سے متعلق جو پہلے فیصلے ہوئے تھے ان ہی پر عمل درآمد کیا جائے، 10 مہمان کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ آنے کی اجازت تھی۔
سیکریٹری اسمبلی کے خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کی طرف سے 200 افراد کی لسٹ بھجوائی گئی ہے، زیادہ مہمان ہونے سے لڑائی جھگڑے کا خطرہ ہے۔
اپوزیشن اتحاد کی بسیں نجی ہوٹل سے اسمبلی پہنچیں، مسلم لیگ ن کے رہنما و وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز بھی بس پر اسمبلی آئے ہیں۔
بسوں میں سواری سے قبل ارکان کی حاضری چیک کی گئی۔
پیپلز پارٹی کےارکانِ صوبائی اسمبلی اپنی گاڑیوں میں اسمبلی پہنچے ہیں۔
پی ٹی آئی کی خواتین ارکانِ اسمبلی پنجاب اسمبلی پہنچ گئیں، اس موقع پر انہوں نے اپنے قائدین اور امیدوار کے حق میں نعرے لگائے۔
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار بھی پنجاب اسمبلی پہنچ گے، وہ بھی وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔
عثمان بزدار پنجاب اسمبلی میں ارکانِ اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔
سابق صوبائی وزراء ڈا کٹر یاسمین راشد اور مراد راس پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس نے کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں بہت فرق ہے، نمبر پورے ہیں، ہمارا امیدوار کامیاب ہو گا۔
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے الیکشن صاف و شفاف ہو گا، میں اسمبلی رولز کے مطابق الیکشن کراؤں گا۔
دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی پہنچ گئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی سمجھ رہا ہے کہ اسمبلی کا ماحول خراب کرنا ہے تو میں نے پریشر لینے نہیں دینا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایوان میں دونوں طرف سے کوشش ہو گی کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے الیکشن التواء کا شکار ہو جائے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ الیکشن آج ہی ہو گا، رزلٹ کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا، پوری کوشش ہو گی کہ اچھے انداز میں الیکشن کراؤں۔
دوست محمد مزاری نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ کل عدالت کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے