English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

متحدہ عرب امارات کے سفیر کی وزیر اعظم سے ملاقات

القمر

متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر عزت مآب حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

اماراتی سفیر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو وزاتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ مل کر اس اہم شراکت کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے 50 سال کے قلیل عرصہ میں متحدہ عرب امرات کی متاثر کن تبدیلی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن کی تعریف کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے دوطرفہ تعلقات کی معاشی جہتوں کو آگے بڑھانے ، مستحکم تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، انفراسٹرکچر ، فوڈ سیکیورٹی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دینے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ تاریخ ، مشترکہ عقیدے اور جغرافیائی قربت کی جڑوں سے مضبوطی سے منسلک تعلقات کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اماراتی اور پاکستانی عوام کے براہِ راست رابطے ان تعلقات کو مزید تقویت بخشتے ہیں۔

وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا ، جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط پل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں کے برادرانہ تعلقات باہمی تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔ اعلی سطح کے روابط دوطرفہ تعاون میں مزید استحکام کا باعث بنتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے