عالمگیر جمخانہ نے نامور کھلاڑیوں پر مشتمل عمر ایسوسی ایٹس کی تجربہ کار ٹیم کو چار وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے کرنیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔
صائم ایوب مین آف دی میچ قرار پائے۔ نیاناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں نیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کا فائنل اپ سیٹ سے بھرپور رہا۔
عالمگیر جمخانہ کے نوجوان بولرز نے نپی تلی بالنگ کی عمر ایسوسی ایٹس کی ٹیم پہلےبیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پینتیس رنز تک محدود رہی۔ عمر ایسوسی ایٹس کے نامور بلے باز ایک بار پھر بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ سہیل اختر تین، عمر اکمل گیارہ، اعظم خان ایک، اسد شفیق سترہ اور کپتان سرفراز احمد پینتیس رنز بناسکے۔ دانش عزیز چالیس رنزپرناٹ آؤٹ رہے ۔ صائم ایوب نے تین ، عاشق علی نے دو اور حسان خان نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں عالمگیر جمخانہ کے ابھرتے ہوئے بلے بازوں نے ہدف تین گیندوں پہلے چھ وکٹ پر حاصل کرلیا۔ حسن محسن نے ذمہ دارانہ بٰیٹنگ کی اور اکتالیس گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے چون رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ حسان خان نے انیس رنز اسکور کیے ۔ جبکہ صائم ایوب نے سولہ اور سعود شکیل نے تیرہ رنز بنائے۔ قاسم اکرم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عرفان، میر حمزہ، محمد اصغر اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔حسن محسن نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ صائم ایوب کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ شاہزیب بہترین بولر اور اسماعیل شاہ بہترین بیٹسمین قراتر پائے۔ فاتح ٹیم کو بارہ لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی۔ جبکہ عمر ایسوسی ایٹس نے چھ لاکھ روپے اور ٹرافی حاصل کی۔ مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ رات گئے تک کراچی میں کھیلوں کے مقابلے دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ان کا کہنا تھا کہ نیا ناظم آباد انتظامیہ نے ایک زبرست رمضا ن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں صرف کراچی نہیں بلکہ ملک بھر کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ جو کہ اس بات کا ثنوت ہے کہ بیرون شہر کے نوجوان اب کراچی میں بے خوف و خطر صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ ایسی کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ رینجرز نے ایک انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ منعقد کیا جس میں انٹرنیشنل کھلاڑی بھی کھیلے اب ان کی کوشش ہوگی کہ مزید بڑے مقابلے کرانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ نیا ناظم آباد کے چیئرمین عارف حبیب کا کہنا تھا کہ وہ نیا ناظم آباد کو اسپورٹس سٹی بنانا چاہتے ہیں کہ ملک اور بیرون ملک صرف اسپورٹس کی وجہ سے پہچانا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ، فٹبال، فٹسال، تیر اندازی اور پیرا گلائڈنگ کی سہولیات شہریوں کو فراہم کی جارہی ہیں ۔ مستقبل قریب میں جمخانہ مکمل ہونے جا رہا ہے جس کے بعد یہاں نوجوان سوئمنگ، ٹینس ، اسکواش، بیڈمنٹن ٹیبل ٹینس اور جم سمیت متعدد گیمز میں بھی حصہ لے سکیں گے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کا کہنا تھا کہ رمضان ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں پوری مدد فراہم کرتا ہے یہیں سے نوجوان ٹیلنٹ سامنے آتا ہے جسے بعد میں بڑے مقابلبے کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد لڑکے اس ٹورنامںٹ سے سامنے آئے ہیں ۔ جنییں پی ایس ایل سمیت دیگر مقابلوں میں نمائندگی کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر صمد حبیب، نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر یونس انیس، کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈٖیئر الطاف احمد سمیت شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
