کیف: یوکرین کے سابق صدر پیٹرو پوروشنکو نے سرحد پار کر کے پولینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ان کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی میڈیا نے خبر دی ہے کہ سابق یوکرینی صدر کو اپنی رینج روور ایس یو وی میں لیووف کے علاقے کے مغرب میں ایک کراسنگ پر دیکھا گیا، اسٹیٹ کسٹمز سروس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پوروشنکو ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ پیٹرو پوروشنکو کو یوکرین کے اندر غداری کے الزامات کا سامنا ہے، وہ ملک سے فرار ہو کر پولینڈ میں داخل ہونا چاہتے تھے لیکن سرحدی محافظوں نے انھیں روک لیا ہے۔
اس سلسلے میں ٹیلی گرام پر کچھ تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں سابق یوکرینی صدر کسٹم حکام سے بات کرتے نظر آتے ہیں۔ دوسری طرف یوکرین کی سیاست دان ارینا گیراشنکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ سابق صدر کو روکا جانا ایک ناگوار سیاسی حکم ہے، پوروشنکو کے پاس لتھوانیا میں نیٹو کی پارلیمانی اسمبلی میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ کی جانب سے ملا سفری خط موجود تھا، کیوں کہ ضابطے کے مطابق تو وہ اب بھی یوکرینی پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔
سرحدی محافظوں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایسا کوئی حکم موجود نہیں ہے کہ آیا سابق صدر کو ملک چھوڑنے دیا جائے یا نہیں۔
The post یوکرین کے سابق صدر پیٹرو پوروشنکو کی پولینڈ فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی appeared first on Daily Jasarat News.
