محکمۂ موسمیات کی جانب سے پیش گوئیاں، پیش بندیاں اور وارننگز سب دھری کی دھری رہ گئیں، کراچی میں
بادل ابھی تک برس نہیں سکے، تاہم اب محکمہ موسمیات نے یوٹرن لیتے ہوئے آج شام یا رات سے بارش کی
پھر سے پیش گوئی کردی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرۂ عرب
میں موجود ہے جو آج شام یا رات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
کراچی میں آج شدید آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی
بارش کا پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثر انداز رہے گا، پہلے مون سون سسٹم کے پیچھے ایک اور سسٹم
بھی موجود ہے دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کے ختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثر انداز ہو سکتا ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، اس دوران بارش کا بھی امکان ہے، شہرِ قائد کا کم سے
کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی
گریڈ رہنے کا امکان ہے۔