سرگودہا سے شیخ عثمان
محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کلب روڈ کی جامع مسجد محمدی میں وفاق المدارس العر بیہ پاکستان کے مرکزی راہنماء،جامعہ مفتاح العلوم کے سربراہ مفتی محمد طاہر مسعود کی صدارت میں علمائے کرام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر بھر کے اہم خطباء اور آئمہ مساجد نے بھر پور شرکت کی،اجلاس سے مفتی طاہر مسعود نے خطاب کر تے ہو ئے کہاکہ مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کا ماحول برقرار رکھنے میں علمائے کرام کواپنا کلیدی کردار ادا کر نا ہو گا۔ انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ بردباری اور مذہبی رواداری کا پیغام سماج میں نچلی سطح تک پہنچائیں تاکہ اتحاد،اتفاق کی فضاء قائم رہے اور ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، مذہبی ہم آہنگی،اخوت و یگانکت کیلئے علماء کرام کی کوششیں لائق تحسین ہیں تاہم محرم الحرام کے حساس ایام کا شدید تقاضا ہے کہ مذہبی رواداری اور باہمی اتحاد واتفاق کی فضا قائم رکھی جائے،مفتی طاہر مسعود نے کہاکہ وارثان ممبروں محراب لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں لہذا آپ منبر و محراب سے بھائی چارے،پیا ر و محبت اور مذہبی ہم آہنگی کا درس جاری رکھیں،علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و سلامتی کا قیام پوری قوم کی ذمہ داری ہے علماء اور عوام متحد ہو کر وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں،حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاوہ کریں،قانون کو کسی صورت ہاتھ میں نہ لیں،”اپنا مسلک چھوڑو نہیں جبکہ کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں ”والے اصول پر عمل کریں۔اجلاس میں قاری عبد القیوم،مولانا جنید طاہر،پیر عبد الوحید ڈوگر،مولانا جنید اسلم،مولانا نور الحسن،مفتی عتیق الرحمان،قاری عبید الرحمان،قاری شفقت اللہ،مفتی امیر حمزہ،مولانا اظہار الحق،مولانا بلال رمضان،مولانا عبد المنان،مولانا سرفراز علی،مولانا حبیب اللہ،،مولانا سعد محمود،مولانا محمد عزیربٹگرامی،مولانا حیدر علی حیدرسمیت کثیر علماء نے شرکت کی،شرکائے اجلاس نے اس بات کا عزم کیا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دینگے اور سابق شاندار روایات کے مطابق اپنا قومی و مذہبی فریضہ ادا کرتے ہوئے امن و سکون کو برقرار رکھنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی،اتحاد و اتفاق،امن و امان کی سلامتی،ملک میں سیلابی صورت حال سے عافیت کے لیے اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
اپنا مسلک چھوڑو نہیں کسی کا چھیڑو نہیں،مفتی طاہر مسعود
القمر
