English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حیدرآباد میں نکاسی کا 80 فیصد کام مکمل ہوگیا، شرجیل میمن

القمر

صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ اور حیدرآباد میں رین ایمرجنسی کے فوکل پرسن شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حیدرآباد شہر سے 80 فیصد برساتی پانی کی نکاسی مکمل ہو چکی ہے جبکہ بقیہ 20 فیصد نکاسی آب کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا وہ آج شہباز ہال حیدرآباد میں عوامی نمائندوں اور متعلقہ افسران سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے.

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد تمام فریقین کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا ہے، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر ایچ ایم سی فاخر شاکر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر شہر سے کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلئے انتظامات کریں کیوں پانی کی نکاسی میں رکاوٹ کی ایک اہم وجہ کچرہ بھی ہے اگر بر وقت کچرہ صاف ہوجائے تو نکاسی آب کے کاموں میں آسانی ہوگی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فنڈز کی کمی نہیں ہے اور عوام الناس کو پریشانی سے بچانے کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام فریقین کو کہا کہ جہاں کہیں بھی مشینری سمیت دیگر سہولیات کی ضرورت ہے تو وہاں فوری طور پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض سے بچنے اور آلودگی کے خاتمے کیلئے آج سے ایک ہفتے کیلئے حیدرآبادشہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے رضاکاروں کو ہائیر کر کے شہر کو صاف کیا جائے اور اس ضمن میں رضاکاروں کو ادائیگی سندھ حکومت کی جانب سے کی جائیگی ۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مچھر مار اسپرے کروانے کو یقینی بنائیں تاکہ ملیریا ، ڈینگی اور گیسٹرو کی بیماری وبائی صورت اختیار نہ کریں

انہوں نے کہا کہ اس ضمن اضافی اسپرے مشینیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ حیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف شہر بلکہ دیہی علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔صوبائی وزیر نے ضلع انتظامیہ ، حیسکو، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید کی کہ آنے والے دنوں میں بھی امکانی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے و ہ اپنے فرائض اسی مستعد ی سے ادا کریں گے ۔ صوبائی وزیر نے تمام فریقین کو حیدرآباد کیلئے سیس پول گاڑیاں اور باﺅزرز سمیت دیگر سھولیات جلد از جلد فراہم کرنے کی یقینی دہانی کرائی ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد و ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے فواد غفار سومرو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد ڈرینج سسٹم کی 30 ایم ایم گنجائش ہے جبکہ بارش 250 ایم ایم سے زیادہ ہوئی جس کی وجہ سے شہر کے مختلف نشیبی علاقوں قاسم آباد فیز ون، میمن نگر، شیخ ایاز روڈ، انور ولاز سمیت مختلف تعلقوں کی گلیوں میں ابھی تک پانی کھڑا ہے جس کی نکاسی کیلئے 120 پمپنگ اسٹیشنز اور ڈی واٹرنگ پمپس کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 3ہزار ایکڑ سے زائد فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے حیدرآباد کے امور سے متعلق معاون خصوصی صغیر قریشی، ایم این اے طارق شاہ جاموٹ، ایم پی ایز عبدالجبار خان ، ندیم صدیقی، ناصر قریشی، راشد خلجی کے علاوہ عاجز دھامراہ، علی محمد سھتو، ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد سوائی خان چھلگری، ڈی ایچ او ڈاکٹر لالا جعفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو قائم اکبر نمائی و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے