English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بارش سے متاثرہ بدین آفت زدہ قرار

القمر

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورے بدین کو آفت زاد قرار دے دیا گیا ہے ، بارش سے متاثرہ کاشتکاروں کو مدد فراہم کی جائے گئی اور ہر دیہہ کی 60 فیصد غریب آبادی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 25 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے*۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ضلع بدین کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اس سال مون سون کی بارشیں 21 جون سے شروع ہوئی تھی، بارشیں ہوتے ہوئے 2 ماہ گزر چکے ہیں جس سے سندھ کہ بہت سے اضلاع متاثر ہوئے ہیں جن میں ضلع بدین بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سندھ میں بارشیں بلوچستان سے زیادہ ہوئی ہیں جس کہ باعث لوگ تکلیف میں آئیں ہیں اور فصلوں کو بھی بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے اس مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو واضح ہدایات دی ہیں کہ جہاں کہیں بھی لوگ بے گھر ہوئے ہیں انکے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں اور انہیں کھانا بھی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو بارشوں کے باعث عوام کو پہنچنے والے نقصان اور ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کے نقصانات کا تعین کرنے کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے اور بارشیں ختم ہوتے ہیں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے کام کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کاموں کو مکمل کرنے کے لیے جہاں ڈی واٹرنگ مشینوں یا ایکسکویٹر کی ضرورت ہوگی فراہم کیا جائے گا تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے بھی انکی بات ہوئی ہے اس ضمن میں وفاق نے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے انشاء اللہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی نمائندے ملکر اس مشکل وقت میں عوام کی خدمت کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صوبائی وزراء، سید ناصر حسین شاہ مکیش کمار چاولہ اور وزیر اعلی سندھ کے مشیر خاص حاجی رسول بخش چانڈیو کے ہمراہ بدین پہنچنے جہاں صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو ، ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے انکا استقبال کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نرڑی جھیل ، پھلیلی-گنی ڈرین آؤٹ فال کے مقام کا دروہ کیا اور چیف انجینئر ظریف کھیڑو سے بارشوں سے متعلق بریفنگ لی جس کہ بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے بدین شہر کا دروہ کہا اور عوام سے انکے مسائل خود دریافت کیے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت بارشوں کی صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، ناصر شاہ، مکیش چاولہ، مشیر رسول بخش بلوچ، معاون خاص ارباب لطف اللہ، بدین ضلع کے قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کے اراکیں شریک کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ کا شہر بدین نشیبی علاقے ٹیل اینڈ میں واقع ہے ، 20 جولائی سے 18 اگست تک بدین میں 545 ملی میٹر، ماتلی میں 349 ایم ایم، تلہار میں 100 ایم ایم، شہید فاضل راہو میں 318 ایم ایم اور ٹنڈو باگو میں 192 ایم ایم بارشیں ریکارڈ ہوئی، بدین میں 19027 گھر تباہ ہوئے ہیں، بارشوں میں 197245 افراد متاثر اور 401 مویشی، 207018 ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع بدین کو آفت زدہ قرار دیا اور کہا کہ بدین کی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ پی ڈی ایم اے کو 10000 ٹینٹ، 30000 مچھر دانیاں، 6 ڈی-واٹرنگ پمپس اور 5 ایکسکویٹر بدین کو مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے