ڈسٹرکٹ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے فوڈسٹریٹ میں 21سال سے 21لاکھ روپے سے زائدکرایہ کی نادہندہ 15 دوکانیں سربمہر کردیں، بعض دوکانوں کاکرایہ یکم جنوری 2002ء سے بقایاتھا۔ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنرسٹی زنیرہ آفتاب کی سربراہی میں ڈی ایس اوشمس توحیدعباسی اورڈی اوسپورٹس عبدالوحیدبابر نے پولیس اورعملے کے ہمراہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم سے ملحقہ راولپنڈی فوڈسٹریٹ کی 15دوکانیں جی 29،30،41،42، 43، 51، 52، 62، 67،68، 69، 70، 72، 75اور77سربمہر کردیں۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی نے بتایا کہ مذکورہ دوکانوں کے ذمہ 2103701روپے کرایہ واجب الادا ہے جو کہ سالہاسال سے بقایا ہے اور انہیں متعدد بار نوٹس دئیے گئے لیکن انہوں نے کرایہ ادا نہیں کیا۔ انہوں نے بتایاکہ ان دوکانوں کے مالکان نے دوکانیں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سے کرایہ پر لے رکھی ہیں اور آگے لاکھوں روپے کرایہ وصول کررہے ہیں لیکن سرکاری خزانے میں معمولی کرایہ بھی جمع نہیں کراتے۔ انہوں نے بتایاکہ اب مذکورہ بالا دوکانوں کی دوبارہ باقاعدہ نیلامی کی جائے گی اور نادہندگان دوبارہ نیلامی میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہونگے۔
راولپنڈی میں دکانیں سیل کردی گئیں
القمر
