متحدہ قومی موومنٹ میں قیادت کی رسہ کشی ایک بار پھر اپنے عروج پر ہے ۔ ایک ہفتہ قبل کامران ٹیسوری کی بطور ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم میں اچانک واپسی نے کارکنان کو حیران کردیا ۔ ایم کیو ایم کی قیادت نے پارٹی روایات کے برعکس 2018 میں پارٹی سے نکالے گئے کامران ٹیسوری کو بحیثیت ڈپٹی کنوینیر بحال کیا ۔ پی ایس پی میں جانے والے وسیم آفتاب ، ڈاکٹر صغیر اور سلیم تاجک جن کی پارٹی کے ساتھ طویل وابستگی رہی ہے انہیں بھی واپسی پر اس طرح نہیں نوازا گیا جیسے کامران ٹیسوری کو خوش آمدید کہا گیا ہے ۔ حقیقت یہ بھی ہے کہ کامران ٹیسوری وہی شخصیت ہیں جن کی وجہ سے فاروق ستار اور ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے ۔ کون ہیں کامران ٹیسوری؟ کراچی میں سونے کے کاروبار سے وابستہ کامران ٹیسوری پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل کا حصہ رہ چکے ہیں ۔ 2016 کے بعد ان کی ڈاکٹر فاروق ستار کی دوستی انہیں ایم کیو ایم میں لائی ۔ اس وقت ایک عام تاثر تھا کہ کامران ٹیسوری ایم کیو ایم کے تمام مسائل کا حل کرسکتے ہیں ۔۔ 2018 کے عام انتخابات کے بعد ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد کامران ٹیسوری کا سیاسی باب نہ صرف بند ہوگیا بلکہ ان کی ڈاکٹر فاروق ستار سے دوستی بھی ختم ہو گئی ۔ ایک ہفتے پہلے کامران ٹیسوری کی اچانک واپسی نے اس بند باب کو دوبارہ کھول دیا ہے ۔ کیوں کہ ایم کیو ایم تحریک انصاف اور پی ڈی ایم اور صوبائی سطح پر پیپلز پارٹی سے معاہدے کرنے کے باوجود نہ تو لاپتہ کارکنان کو رہا کروا سکی اور نہ ہی اپنے دفاتر کو فعال کر سکی ۔۔ بلدیاتی نظام پر ہونے والے مذاکرات بھی ہوا میں لٹکے ہوئے ہیں ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت کو اس بات کی یقین دھانی کروائی گئی تھی کہ کامران ٹیسوری کی باعزت واپسی سے چٹکی بجاتے ہی لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور دفاتر کو کھولنے کی اجازت مل جائے گی ۔ دو دن کے دوران 2015 اور 2016 سے لاپتہ چار افراد کی لاشیں اندرون سندھ کے علاقوں سے ملیں ۔ ان میں سے تین افراد ایم کیو ایم کے کارکنان ہیں ۔۔ خالد مقبول صدیقی نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے کہا ہے کہ وہ مقتول کارکنان کے خاندانوں سے آکر ملیں اور ان کے سوالات کا جواب دیں ۔ شاہ فیصل کالونی میں مقتول کارکن کی نماز جنازہ میں کارکنان نے ڈپٹی کنوینیر عامر خان کو شرکت نہیں کرنے دی ۔ لاپتہ کارکنان جن کی رہائی کی امید کامران ٹیسوری کی واپسی میں نظر آرہی تھی کیا وہ بھی ختم ہو گئی ہے۔
ایم کیو ایم میں مزید گروپنگ، ٹیسوری کی واپسی کے بعد کیا ہوگا؟
القمر
