وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب کی صورتحال، پانی کی نکاسی اور امدادی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس سامان کی فوری طور پر ضرورت ہے اس کو مہیا کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسوقت 15 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے برعکس ڈھائی لاکھ خیمے مہیا کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپوں میں اب لوگ اور بچے بیمار ہونے لگے ہیں جن کی طبی امداد کی جارہی ہے، سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسوقت روڈ اور ریل نیٹ ورک کی بحالی کی ضرورت ہے تاکہ اشیاء ضرورت کی رسد ہوسکے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے مواصلات نیشنل ہائی وے اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سے مکالمہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر مواصلات نے آپ سے بھی ملاقات کی تھی۔ احسن اقبال نے کہا کہ سڑکوں اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں ابھی 11 اضلاع کا دورہ کر کے آیا ہوں، لوگ بہت مشکل میں ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرین کے مسائل حل کرنےکیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا، ہمیں نکاسی آب کے بعد لوگوں کو واپس بھیجنے کے بعد بھی خیموں کی ضرورت پڑے گی۔ جب تک لوگوں کے مکانات نہیں بنتے تب تک انہیں ان کے گھروں کے نزدیک رکھنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں امدادی کاموں کے ساتھ ابھی نئی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبپاشی نظام، زرعی زمینوں کی بحالی اور نکاسی آب کی تعمیر نو کرنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ماہرین کے ساتھ ملکر یہ تعین کیا جائے گا کہ کیا اگلے سال بھی ہمارے ملک پر موسمیاتی تبدیلی اثر ہوگا؟ ۔ اس پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تمام صوبوں سے ملکر مشاورت کرینگے۔
No related posts.
