ٹانک سے توقیر زیدی
ٹانک میں بجلی پانی صحت سیورج نظام اور سڑکوں کی عدم موجودگی پر شہری ٹانک ایکشن کمیٹی کی قیادت میں سڑکوں پر نکل آئے۔ ڈپٹی کمشنر متعلقہ حکام صوبائی حکومت اور منتخب عوامی نمائندوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کشمیر چوک کو بلاک کردیا گیا کئی گھنٹوں تک ہزاروں گاڑیاں پھنسی رہیں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلع ٹانک میں کئی دہائیوں سے بجلی کی طویل بندش پینے کے صاف پانی ہی عدم موجودگی، ضلع کے اکلوتے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سہولیات کے فقدان، ڈاکٹرز کی کمی، نکاسی آب و سیورج نظام کی عدم موجودگی اور سڑکوں کی خراب ترین صورتحال پر ضلعی حکام سمیت متعلقہ حکام اور منتخب عوامی نمائندوں کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف سماجی تنظیم ٹانک ایکشن کمیٹی کی قیادت میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے شہر کے مختلف مقامات صابر بازار وزیر آباد اور دامان چوک سے کشمیر چوک تک احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں کشمیر چوک پر ٹانک ایکشن کمیٹی کے قائدین شمس محسود و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی حکام کو کئی سال قبل صوبائی حکومت کی جانب سے بیوٹی فیکیشن کی مد 70 کروڑ سے زائد رقم فراہم کی گئے لیکن افسوس کا مقام ہے ضلعی حکام نے فنڈز کے استعمال کے بجائے ذاتی سیونگز اکاؤنٹ میں رکھ کر اس پر سود لیتے آ رہے ہیں۔ شہر میں سڑکوں اور دیگر سہولیات تو اپنی جگہ پینے کیلئے صاف پانی اور صحت کی بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔ شہر سمیت مضافاتی علاقوں کی سڑکیں ناقابل استعمال حد تک خراب ہو چکی ہیں لیکن مجال ہے کہ ضلعی انتظامیہ سمیت منتخب عوامی نمائندوں اور صوبے میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کی کانوں پر جوں تک رینگی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مسائل کا ذمہ دار ضلعی انتظامیہ کو قرار دیا اور ڈپٹی کمشنر کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی خیبر پختون خواہ نے سیلاب کے دوران ٹانک کے دورے کئے یہاں پر سیلاب کے باعث ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے لیکن کئی ماہ گزرنے کے باوجود تاحال سیلاب زدگان کو معاوضے ادا نہیں کئے گئے جو مرکزی اور صوبائی حکومت کی نااہلی اور عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کا مظہر ہے مظاہرے کے دوران ٹانک جنوبی وزیرستان، پشاور بنوں اور ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان کے مین روڈ بند رہیں جس کے باعث کئی گھنٹوں تک مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے واضح رہے کہ تاجر برادری کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کے اعلان پر شہریوں نے مکمل حمایت کرتے ہوئے شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی۔