ریاض:عالمی ادارہ سیاحت (ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن) (ڈبلیو ٹی او)کے اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب دنیا کا دوسرا سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا سیاحتی مقام بن گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ڈبلیو ٹی اونے بتایاکہ سعودی عرب میں 2023 کی پہلی سہ ماہی میں بین الاقوامی سیاحت کرونا وائرس کے وبائی مرض سے قبل کی سطح سے 64 فی صد زیادہ رہی ہے اور سال کے پہلے چند ماہ میں قریبا 78 لاکھ سیاحوں نے سعودی مملکت کا رخ کیا ہے۔
سعودی عرب 2022 میں بین الاقوامی سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد میں آمد والے ممالک میں سے ایک تھا اورعالمی سطح پر تیرھویں نمبر پر رہا تھا جس کی سیاحت کے لیے دنیا بھر سے زیادہ تعداد میں لوگ آئے تھے۔وہ 2019 میں پچیسویں نمبر پر تھا۔اس طرح وہ 12 درجے اوپرآیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، 2022 میں تمام سفری مقاصد کے لیے مملکت کا دورہ کرنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد ایک کروڑ66 لاکھ تھی۔بین الاقوامی سیاحت سے آمدن کے اشاریے میں سعودی عرب 2022 میں گیارھویں نمبر پر آگیا جبکہ 2019 میں یہ ستائیسویں نمبر پر تھا۔
