جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز لوک بھون جموں میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں جموں صوبے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیاریوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پولیس اور سول انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جن میں جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلن پربھات، محکمہ داخلہ کے فنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکریٹری) چندراکر بھارتی، آئی جی پی جموں تیجندر سنگھ اور ڈویژنل کمشنر جموں وکاس کنڈل شامل تھے۔
اس کے علاوہ جموں صوبے کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
یہ اجلاس ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے میں دو اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) کے قتل کے بعد خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ مقتول اہلکاروں کی شناخت بابی چند اور رشپال کمار کے طور پر ہوئی تھی، جن کی گولیوں سے چھلنی لاشیں 12 نومبر کو کشتواڑ کے دشھن-مروہ جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں ایس پی اوز ایک روز قبل سکیورٹی پوسٹ کی جانب جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کے قتل نے دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ سے متعلق کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اس معاملے میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق مقتول اہلکاروں کے سروس ہتھیار، جن میں ایک انساس رائفل اور ایک 303 رائفل شامل تھی، جائے وقوعہ سے غائب پائے گئے۔ واقعے کے سلسلے میں درج ایف آئی آر میں نامعلوم دہشت گردوں کو قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر غیر قانونی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
اس واقعے پر جموں و کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں، بشمول بی جے پی، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے رہنماؤں نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قتل کے حالات پر سوالات اٹھائے اور جوابدہی کا مطالبہ کیا۔
اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے رکن اسمبلی سنیل شرما نے دونوں ایس پی اوز کو سروس ہتھیاروں کے ساتھ دشوار گزار جنگلاتی راستے سے بھیجنے کے فیصلے اور آپریشنل انتظامات پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے دور افتادہ علاقے میں سکیورٹی انتظامات میں ممکنہ کوتاہیوں اور واقعے سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی تشویش ظاہر کی۔
کشتواڑ سے بی جے پی کی رکن اسمبلی شگن پریہار نے بھی پولیس کی کارروائی پر سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ دونوں ایس پی اوز کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات لیک کی گئی تھیں۔
ان الزامات کے بعد سیاسی بیان بازی شروع ہوگئی، جبکہ نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں نے بی جے پی پر اس افسوسناک واقعے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا۔
ایسے حالات میں جمعہ کو منعقد ہونے والے سکیورٹی جائزہ اجلاس کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے، جس میں بالخصوص حساس پہاڑی علاقوں میں سکیورٹی انتظامات مضبوط بنانے، اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنانے اور مختلف سکیورٹی اداروں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر مجموعی سکیورٹی نظام، امن و قانون کی صورتحال اور ابھرتے ہوئے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
توقع ہے کہ اجلاس میں دور دراز علاقوں میں سکیورٹی انتظامات، مختلف ایجنسیوں کے درمیان رابطہ کاری اور جموں صوبے کے حساس علاقوں میں انتظامی و پولیس کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ضلعی سطح کے پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران کی شرکت بھی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس سے زمینی سطح پر درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے اور سکیورٹی تیاریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر غور کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
آخری اطلاعات ملنے تک تک اجلاس جاری تھا، جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات، اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور لیے گئے فیصلوں کی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments