جے پور: راجستھان میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات کی ووٹ شماری میں کانگریس نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر برتری حاصل کرلی ہے۔ جمعہ کو ریاست کے 37 اضلاع میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے ارکان کے انتخاب کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری رہی۔ ابتدائی نتائج میں کانگریس نے بی جے پی کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ کئی اہم سیاسی شخصیات کے اہل خانہ کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق ووٹوں کی گنتی جمعہ کی صبح 8 بجے شروع ہوئی۔ دوپہر ایک بجے تک پنچایت سمیتی کی مجموعی 7543 نشستوں میں سے 2756 کے نتائج سامنے آچکے تھے۔ ان میں کانگریس نے 1407 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ بی جے پی کے حصے میں 838 نشستیں آئیں۔ راشٹریہ لوک تانترک پارٹی (آر ایل پی) نے 192، بھارت آدیواسی پارٹی (بی اے پی) نے 54، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے 32 اور بہوجن سماج پارٹی نے 16 نشستیں جیتیں۔ آزاد امیدواروں نے بھی 216 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
ضلع پریشد کے ارکان کے انتخاب میں بھی کانگریس نے برتری برقرار رکھی۔ دوپہر ایک بجے تک اعلان کردہ 21 نتائج میں کانگریس نے 12 اور بی جے پی نے 9 نشستیں حاصل کیں۔
ان انتخابات میں بی جے پی کو اس وقت بڑا سیاسی جھٹکا لگا جب راجستھان حکومت کے کابینی وزیر جھابر سنگھ کھرّا کے خاندان کے متعدد افراد کو شکست ہوئی۔ وزیر کے بڑے بیٹے درگا سنگھ کھرا شری مادھوپور پنچایت سمیتی کے وارڈ نمبر 19 سے انتخاب ہار گئے، جبکہ اسی علاقے کے وارڈ نمبر 20 سے بی جے پی امیدوار اجے سنگھ کھرا کو بھی کامیابی نہیں مل سکی۔ وزیر کی اہلیہ شانتی دیوی بھی اجیت گڑھ پنچایت سمیتی کے وارڈ نمبر 17 سے 51 ووٹوں کے فرق سے انتخاب ہار گئیں۔
اسی طرح راجستھان پولیس کے ڈی آئی جی ارشد علی کی اہلیہ زرینہ خان کو بھی ضلع پریشد کے وارڈ نمبر 47 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس نشست پر کانگریس کی نسیم بانو نے کامیابی حاصل کی۔ سیکھر ضلع پریشد کے وارڈ نمبر 48 سے بی جے پی کی سابق ضلع صدر اندرا چودھری بھی انتخاب ہار گئیں۔
ریاستی انتخابی کمیشن کے مطابق 37 اضلاع کی 419 پنچایت سمیتیوں کے 7543 وارڈوں اور ضلع پریشد کی 1275 نشستوں کے لیے انتخابی عمل مکمل ہوا ہے۔ ان نشستوں پر ہزاروں امیدوار میدان میں تھے۔ انتخابات چار مرحلوں میں 22 اور 28 اکتوبر، 3 اور 14 نومبر کو منعقد ہوئے، جن میں ڈھائی کروڑ سے زیادہ ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
تاہم کوٹا، باراں، کرولی اور شری گنگا نگر اضلاع میں ووٹوں کی گنتی 17 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں 38 پنچایت سمیتیوں کے تحت 702 پنچایت سمیتی وارڈ اور ضلع پریشد کے 128 وارڈ شامل ہیں۔منتخب ارکان بعد میں اپنے متعلقہ اداروں کے سربراہوں کا انتخاب کریں گے۔ ضلع پریشد کے سربراہوں کے انتخابات 25 نومبر اور پنچایت سمیتی کے پردھانوں کے انتخابات 27 نومبر کو ہوں گے۔ نائب سربراہوں کے انتخاب بالترتیب 26 اور 28 نومبر کو مقرر ہیں۔