اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسمگلروں کے خلاف جاری قومی کریک ڈاؤن کے دوران اسمگلنگ کے مقدمات کی جلد سماعت کے لیے پنجاب،سندھ اور بلوچستان 5 اضافی انسداد اسمگلنگ عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو وفاقی کابینہ نے 5 خصوصی عدالتوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے پیش کردہ سرکولیشن سمری کے ذریعے کیا گیا۔ سمری کے مطابق 3 عدالتیں بلوچستان، ایک ایک سندھ اور پنجاب میں قائم کی جائیں گی۔ کسٹم ایکٹ 1969 کے تحت ان خصوصی عدالتوں کے لیے نامزد شہروں میں کراچی، کوئٹہ، چمن، نوشکی اور ملتان شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں کسٹم عدالتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کسٹم ایکٹ 1969 کے تحت اسمگلروں کے خلاف مقدمہ چلانے کا بڑا مسئلہ درپیش ہے۔ کئی مقدمات میں پنجاب کے مختلف شہروں کے ملزمان کو سماعت کے لیے لاہور لے جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ایسے مقدمات کی کارروائی میں مزید تاخیر ہوتی ہے۔
