کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے 25مئی سے سندھ میں رابطہ عوام مہم چلانے کا اعلان کردیا۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ دستک مہم کے ذریعے عوام کے گھروں پر دستک اورحل صرف جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بدامنی، مہنگائی وبیروزگاری سمیت ملک میں سیاسی ومعاشی عدم استحکام کی وجہ سے عوام بیزار ہوچکے ہیں۔رابطہ عوام مہم دعوت دین کا ایک حصہ اور سنت رسول ہے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بھی دستک مہم کے ذریعے اقامت دین کی جدوجہد کو تیزکرے گی۔ دستک مہم 20ہزار رجسٹرڈ رضاکاروں کے ذریعے کیا جائے گا۔ فی رضاکار دن میں 10 گھرانوں میں دستک دے گا۔ دستک مہم نظام کی تبدیلی اور ووٹ کی رہنمائی کے لیے کی جارہی ہے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے جو عوام کا مستقبل بھی ہے۔ پاکستان میں قیادت کا فقدان ہے جو صرف مفادات اور خاندانوں پر مبنی ہے۔ یکم سے 30جون تک اندرون سندھ گھر، دکان، اوطاق، بیٹھک پر جاکر آگاہی دی جائے گی۔ کشمور سندھ میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کو غیرتسلی بخش ہے۔ دریائے سندھ کے کچے، دوردراز اور سیلاب زدہ علاقوں میں مردم شماری نہیں کی جاسکی ہے۔ ایسی مردم شماری کو کیسے درست قرار دیا جاسکتا ہے۔
