ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

معیشت بحالی کیلئے اقدامات میں معاونت دی جائے گی،کورکمانڈرکانفرنس

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔ معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بند حکمت عملی کے اقدامات کی مکمل حمایت کریں گے۔ پاکستانی عوام کی مجموعی بھلائی کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی تعاون فراہم کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 258 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر سپاہیوں کی مسلسل قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔شرکاء کو داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اوراس کے دیگر گروہوں کو ہمسایہ ملک میں محفوظ پناہ گاہوں ،آزادانہ کارروائیوں،اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سلامتی کو متاثر کرنے والی بڑی وجوہات کے طور پرنوٹ کیا گیا۔ فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

اس موقع پرجنرل سیّد عاصم منیر نے کہا کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے دائرہ کار میں زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بند حکمت عملی کے اقدامات کی مکمل حمایت کریں گے اور پاکستانی عوام کی مجموعی بھلائی کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی تعاون فراہم کریں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں