کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں یوم القدس پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرے کیے گئے، جس میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے تقریر کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری طور پر جنگ بندی کروانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سرج الحق کی اپیل پر جمعۃ الوداع ”یوم القدس“کے حوالے سے اہل غزہ اور مظلوم ونہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک میں بھی اسکولوں، اسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری اور خواتین و بچوں کو شہید کرنے کے خلاف جمعہ کو شہر میں مساجد کے باہر اور پبلک مقامات پر سینکڑوں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظاہروں میں شرکا نے مطالبہ کیا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، گریٹر اسرائیل کا خواب دیکھنے والوں کے خلاف اقدامات کریں، مسلم حکمران یہودیوں کے اعلی کار بننے کے بجائے اٹھ کر امت کا دفاع کریں، مسلم ممالک اسرائیل جیسی ناپاک ریاست کو تباہ کرنے کے لیے متحد ہوجائیں۔
مظاہروں سے جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع و دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا اور واضح و دوٹوک اعلان کیا کہ کسی بھی سطح پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششوں، گریٹر اسرائیل کے منصوبے و امریکی غلامی اور خطے میں بھارت کی بالادستی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، پاکستان کے فارم 47والے حکمرانوں نے اگر ایسا کیا تو ان کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
مقررین نے مزید کہاکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام کے شدید رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر احتجاج کیا،جن پرغزہ کی جدوجہد آزادی‘ ظالم اور مظلوم کی عالمی جنگ ہے،مزاحمت میں زندگی اور غلامی میں موت ہے سمیت دیگر نعر ے درج تھے،اس موقع پر فلسطین فنڈ بھی جمع کیا گیا اور عوام نے دل کھول کر نقد عطیات جمع کرائے۔
مقررین نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ قبلہ اوّل ہر کلمہ گو شخص کے لیے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے بعد انتہائی قابلِ احترام ہے۔قبلہ اوّل کی آزادی اور تحفظ پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حماس کے مجاہدین کے پاس جدید ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے لیکن اسرائیل کی فوجی طاقت کو شکست دے دی ہے۔اسرائیلی فوجی القسام بریگیڈ کا مقابلہ نہیں کرپارہے اس لیے وہ نہتے فلسطینیوں پر بمباری کررہے ہیں۔33ہزار سے زائد فلسطینی مسلمان شہید ہونے کے باوجود اہل غزہ و فلسطینی مسلمان استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

