ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاک سعودی عرب 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری پیکیج جلد مکمل کرنے پر اتفاق

مکہ مکرمہ: سعودی عرب اور پاکستان کے مابین 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پیکیج جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں ملاقات کی، جس میں سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری پیکیج مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے بھی سعودی عرب کی پاکستان کے لیے تاریخی حمایت اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا رکتے ہوئے مملکت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون اور پاکستانی معیشت کے لیے سعودی تعاون کو سراہا گیا۔ اس موقع پر پاکستان میں کاروبار کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور سعودی تعاون بڑھانے سے متعلق گفتگو ہوئی۔ سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے مرحلے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور شہزادہ محمد بن سلما ن کی ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورت حال خصوصاً اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلط جنگ کے حوالے سے بھ بات چیت ہوئی، جس میں صہیونی ریاست کے غیر قانونی اقدامات اور جنگی جرائم کی مذمت کی گئی اور غزہ کے متاثرین تک امداد کی بلارکاوٹ فراہمی پر زور دیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ پر حملے روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے علاوہ عالمی عدالت انصاف کے حکم کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی گئی، جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں