اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہونے ملکی معیشت کے لیے بہتر قرار دیتے ہوئے مہنگائی میں مزید کمی کی نوید سنائی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی آنا معیشت کے مزید بہتر ہونے کے اشارے ہیں۔ 16 ماہ میں جو محنت کی، جسے نگراں حکومت نے جاری رکھا اس کے ثمرات اب مل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 39 سے 20 فیصد اور اب 17 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہی ہماری پہلی ترجیح اور ہدف ہے۔ معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خور و نوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ اسی سمت میں چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی، سرتوڑ کوشش کررہے ہیں تاکہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

