اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بین الاقوامی فنڈ کی ایک اہم شرط کو پورا کرنے کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5.75 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری سرکولیشن سمری کے زریعے دے دی ہے ۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسطاً 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا فیصلہ یکساں ٹیرف کے لیے نیپرا کو بھجوایا جائے گا۔
نیپرا کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت وفاقی حکومت کو بجلی کے بنیادی نرخوں میں 10 جولائی تک اضافہ کرنا ہو گا۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے بجلی صارفین پر تقریباً 600 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نیپرا مالی سال 2024-25 کے لیے بجلی کے بنیادی نرخوں میں اضافہ کرے گا اور منظور شدہ اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔
نیپرا نے مالی سال 2024-25 کے لیے بجلی کے اوسط ٹیرف میں موجودہ 29.78 روپے سے بڑھ کر 35.50 روپے فی یونٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

