سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آپریشن عزم استحکام پر حکومتی اے پی سی میں شرکت کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل میں عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آپریشن عزم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا اعلان کردیا ،یہ ملکی مسئلہ ہے، ملک کی خاطر اے پی سی میں میں شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان آل پارٹیز کانفرنس میں صرف سننے کی حیثیت میں شرکت کریں گے، افغانستان کےساتھ ہمارا ڈھائی ہزار کلومیٹر کا بارڈر ہے، عزم استحکام آپریشن پر ہمارے تحفظات موجود ہیں، اس آپریشن سے ملک میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں بھوک ہڑتال کروں گا ،وکلا کی مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی حتمی تاریخ کا اعلان کروں گا۔ پوری دنیا کو پتا ہے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔

