اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم کو ہدایات جاری کی گئیں کہ اگرسپریم کورٹ کے فیصلے کے کسی پوائنٹ پر عملدرآمد میں رکاوٹ ہے تو وہ فوراً اس کی نشاندہی کریں تاکہ مزید رہنمائی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کمیشن سے استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، کمیشن کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق کام کرتا رہے گا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نشستیں پی ٹی آئی کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف (ن) لیگ نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن ٹھیک نہیں تھے جس کے قانونی نتائج میں الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 215 کے تحت انتخابی نشان بلا واپس لیا گیا، لہذا الیکشن کمیشن پر الزام تراشی انتہائی نامناسب ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد قانون کے تحت تین دن کے اندر ان ایم این ایز نے رضاکارانہ طور پر سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی۔


