English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف مذمتی متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صاق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز پر جمشید دستی نے فلسطین زندہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے۔ قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اسرائیلی مظالم کے باعث 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شہید ہوئے۔

قرارداد کی منظوری کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خوش آئند ہے کہ یہ ایوان مشترکہ طور پر اس حوالے سے قرار داد لایا ہے، تمام ارکان پارلیمنٹ کا شکر گزار ہوں، یہ خوش آئند ہے کہ ایوان اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر متفقہ طور پر قرارداد لے کر آیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا پوری دنیا اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت پر اشک بار ہے، میں متفقہ قرارداد پاس کرنے پر تمام اراکین کا شکر گزار ہوں، میں اپوزیشن بینچز پر بیٹھے اراکین اور اتحادی جماعتوں کا شکرگزار ہوں، اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت امن کی کوششوں کو بڑا دھچکا ہے، پاکستان اسمٰعیل ہنیہ کے اہل خانہ اور فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

بعد ازاں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں مسلم دنیا زیادہ کمزور ہے، اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف میں بھی غیر مسلم ممالک لے کر گئے، آج اسرائیل کے سامنے پوری مسلم دنیا کمزور نظر آرہی ہے، آج تک عالم اسلام اسرائیل کو منہ توڑ جواب نہیں دے سکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے