اسلام آباد: وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ برداشت کرلیں تو 50 ارب روپے کی بچت کی جاسکتی ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ایک سے دو ماہ میں حکومت آئی پی پیز کے حوالے سے خوش خبریاں سنائے گی ،اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہے ہیں لیکن غریب صارفین کو بجلی سستی دے رہے ہیں جن کا بوجھ دیگر صارفین اٹھا رہے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے انڈسٹری بند ہو رہی تھی، انڈسٹری کو کم قیمت پر بجلی دے رہے ہیں اس کا بوجھ حکومت نے اٹھایا ہے۔ حکومت اور خفیہ ادارے سمیت متعدد ادارے سب اس پر اکٹھے کام کررہے ہیں اور جلد آئی پی پیز پر نتائج دیں گے ،پاکستان آگے کی طرف جائے گا، عوام اور صنعت کاروں سب کا فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سال کے 8760 گھنٹوں میں سے اگر 10 فیصد یعنی 874 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کرلیں تو 100 ارب روپے کی کیپیسٹی ادائیگی کی بچت ہوگی ،صارف پر بوجھ 10روپے فی یونٹ تھا جو ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بڑھ گیا، اس وقت بجلی کی اوسط قیمت 44 روپے فی یونٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہا اگر 1845 میگاواٹ سسٹم میں نہ رکھیں تو ملک میں 85 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرنی پڑے گی ، 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ برداشت کرلیں تو 50 ارب روپے کی بچت کی جاسکتی ہے، میں ان علاقوں کی بات کررہا ہوں جو لوڈشیڈنگ فری ہیں جہاں لائن لاسز نہیں ،بجلی بچانے کے اہم اقدامات میں پنکھوں کو کم واٹ پر منتقل کرنا ہے جب کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے حکومت نے نئی پلانٹس لگائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے خاموشی کے ساتھ آئی پی پیز پر کام شروع کردیا تھا،آئی پی پیز سے متعلق خوشخبری دیں گے، ہماری مدد ہوگئی شاید جو بات وزارت کھل کر نہیں کررہی تھی وہ انہوں نے کردی، کیپیسٹی ادائیگی دراصل لوڈشیڈنگ سے بچنے کی قیمت ہے، اعتراف کرتا ہوں بلاشبہ ہم خطے میں سب سے مہنگی بجلی دے رہے ہیں۔

