لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی چند وڈیروں اور خاندانوں کا گروہ ہے، جس کی وجہ سے سندھ میں بدترین حکومت اور گورننس ہے، قبضہ میئرکراچی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے بلوں میں ناجائز ٹیکس وصول کررہاہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی کامیاب ہوئے بغیر کراچی کی میئر شپ پر قابض ہے، یہ پارٹی نہیں بلکہ قبضہ گروپ ہے، صوبے میں سسٹم کے نام پر مذاق ہو رہا ہے، سندھ کے حکمران عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو حقوق دلانے کے لیے جہدوجہد کررہی ہے، بہت جلد سندھ پر قابض مافیا سے قوم کی جان چھڑائی جائے گی، پیپلز پارٹی میں چوروں اور قبضہ مافیا کی اجارہ داری ہے، اس پارٹی نے ماضی میں بھی چور بازاری کی تھی اور اب بھی کررہی ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ یکم ستمبر سے جماعت اسلامی پورے ملک میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کررہی ہے، جماعت اسلامی مہنگی بجلی، ناجائز ٹیکسوں کے خلاف 28اگست کو ملک گیر ہڑتال کرے گی، حکومت کو ہرحال میں عوام کو ریلیف دینا پڑے گا، عوام کے حقوق کے لے آخری دم تک ہرجگہ آواز بلند کریں گے، حکومت نے مطالبات منظور نہ کیے تو سنگین نتائج بھگتنے ہونگے۔

