لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کاکہنا ہےکہ روالپنڈی میں دھرنا ختم کیا تو پھر گھر نہیں بیٹھے معاہدہ کرکے فالو اپ کررہے ہیں، کاؤنٹ ڈان میں 28 دن رہ گئے ہیں، ن لیگ پیپلزپارٹی کو بتانا چاہتے ہیں ہم چھوڑیں گے نہیں، شریف خاندان آئی پی پیز کو چھوڑیں تو بجلی کی قیمت کئی گنا کم ہوجائے گی۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی پی پیز کا تسلط جو ظلم کا نظام ہے اس پر کوئی سیاسی جماعت بات کرنے کوتیار نہیں، پارٹیوں میں ذاتیات مفادات والی سیاست سرگرم ہوگئی ہے، ملک کو گیس و بجلی کا بحرانوں کا سامنا ہے، تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس پر ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال اور شٹر ڈاؤن ہو گا، تاجر برادری کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں، حکومتوں نے آئی پی پیز کو انکم ٹیکس پر چھوٹ دی ہوئی ہے، 5 آئی پی پیز میں سے 4 کے معاہدے ختم ہوئے لیکن پھر ان کو عوام پر مسلط کر دیا گیا، جھوٹ بول کر معاہدے کئے جن سے معاہدے ہوئے ان کو پکڑا جائے، سب شریک جرم ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ تنخواہ دار عام لوگوں کے بجلی و گیس پر ٹیکس پیٹرول پر لیوی لگاتے ہیں، یہ ظلم کی انتہا ہے، زبردستی ٹیکس نظام کو مسلط کرکے مطلوبہ ٹیکس بھی وصول نہیں ہوگا، ٹیکس نیٹ بنے لیکن حکومتی ٹیکس قابل قبول نہیں۔

