English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ریکوڈک منصوبے میں 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ متوقع

اسلام آباد: رواں ہفتے سعودی عرب کی جانب سے ریکوڈک منصوبے میں 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس رقم میں سے 65 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے جائیں گے جبکہ 15 کروڑ ڈالر چاغی میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔ یہ سرمایہ کاری سعودی عرب سے ایک ہی قسط میں موصول ہوگی۔

ذرائع کے مطابق، یہ معاہدہ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ سے قرض کی منظوری میں معاون ثابت ہوگا، اور سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے بعد چین بھی اپنا قرض رول اوور کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو آج وزارت توانائی کے حکام ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ دیں گے، جس کے بعد معاہدہ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے ساتھ گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری بات چیت کے بعد اس معاہدے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو سول ملٹری فورم ایس آئی ایف سی نے دور کیا۔

اس معاہدے کے تحت سعودی عرب ریکوڈک کے ایکسپلوریشن لیز بلاک 6 اور بلاک 8 میں بھی سرمایہ کاری کرے گا، اور مجموعی طور پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

پاکستان سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی دوبارہ حاصل کرنے کا خواہاں ہے، جس سے رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول ہوں گے اور ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ کو پورا کیا جا سکے گا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت دسمبر 2023 تک جاری رہی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے