English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعتِ اسلامی کی اپیل پرکراچی تاخیبر،ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال

بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے،اووربلنگ اور بھاری ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے خیبر تک ملک کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی و کاروباری مراکز بند ہیں،جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ہونے والی ہڑتال کی ملک کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حمایت کا اعلان کیاہے۔

شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث کراچی، پشاور، لاہور،حیدر آباد ،گوجرانوالہ، سوات، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں بڑے اور چھوٹے تمام کاروباری مراکز بند ہیں،ہڑتال کے باعث تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

دوسری جانب  اسلام آباد کی انتظامیہ نے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا ہے،جس کے نتیجے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

ادھر پشاور کی تاجر تنظیمیں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال پر ہیں،تاجر یونینز کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے،ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔

ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تجارتی مراکز بند ہیں،لوئردیر، اپر دیر، چترال، باجوڑ، شانگلہ، سوات، بونیرا ورملاکنڈ میں مکمل شٹرڈاؤن ہے,تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو بات ایک روزہ ہڑتال سے آگے جائیگی،آئی پی پیز فارمولے کے مطابق بل دینے کیلئے تیار نہیں،تاجر بجلی کے بل اصل قیمت پر دینے کیلئے تیار ہیں،

 پنجاب کے شہروں لاہور، فیصل آباد، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، ساہیوال میں ٹیکسز،مہنگائی اور بجلی بلوں کے خلاف تاجروں کی مکمل ہڑتال ہے،تمام چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز مکمل بند ہیں،تاجر تنظیموں کیساتھ اپوزیشن جماعتیں بھی ہڑتال میں شامل ہیں۔

لاہور میں بھی مہنگائی اور ٹیکسز کیخلاف تاجرسراپا احتجاج ہیں،انارکلی، نولکھا، لنڈابازار، اردو بازار اورملحقہ مارکیٹیں بند ہیں، انجمن تاجران ہال روڈ نے بھی مارکیٹ بند رکھنے کافیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ برانڈرتھ روڈ، سرکلر روڈ اور میکلوڈروڑ پر بھی ہڑتال  کے باعث دکانیں بند ہیں۔

گوجرانوالہ میں مرکزی تنظیم تاجران کی کال پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال  ہے،کلاتھ بورڈ مارکیٹ، ریل بازار، صرافہ بازار، اردو بازار سمیت تمام مارکیٹیں مکمل بند ہے،مارکیٹوں اور بازاروں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

راولپنڈی میں ہڑتال کے باعث چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں،نانبائی ایسوسی ایشن اور ہوٹل مالکان بھی ہڑتال میں شامل ہیں۔

ادھر کوئٹہ شہر میں بھی تمام دکانیں اور مارکیٹس مکمل بند ہیں ،جس کی وجہ سے  ٹریفک معمول سے کم  ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے