اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی موبائل سمز کی بندش کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق جس کے شناختی کارڈ کی مدت 2017ء سے پہلے مکمل ہو چکی اور تجدید نہیں کروائی، ان کی سمز کی بندش شروع کر دی گئی ہے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور پھرکینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں، 16 اگست سے لے کر اب تک 69 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بند کی گئی ہیں جب کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جارہی ہیں جب کہ غیرقانونی سمز دہشتگردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نادرا سے حاصل ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جارہا ہے، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں، شہری سمز کی بندش سے بچنے کیلیے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں۔

